Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹویوٹا موٹرز کے مالک کے قتل میں ملوث پانچ نوعمر ملزمان گرفتار، واردات کی فوٹیج وائرل

ملزمان کی عمریں بیس سے اکیس سال کے درمیان ہیں اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے

اسلام آباد پولیس نے ٹویوٹا موٹرز کے مالک عامر اعوان کے قتل کے الزام میں پانچ نوعمر ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے گزشتہ روز اسلام آباد کے شہزاد ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران ٹویوٹا موٹرز کے مالک کو قتل کردیا تھا، ملزمان نے یہ واردات عامر اعوان کے بنگلے میں گھس کر سرانجام دی تھی۔

پولیس ذرائع نے ملزمان کی گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزمان کی عمریں بیس سے اکیس سال کے درمیان ہیں اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا سراغ فنگر پرنٹس کی مدد سے لگایا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان میں سے تین مرکزی ملزمان ہیں، جن کے نام منصور، عمیر اور عتیق اللہ ہیں۔ یہ افراد کچھ عرصہ قبل جیل بھی جا چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

قبل ازیں ملزمان کی مقتول بزنس مین عامر اعوان کے گھر داخل ہونے کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، فوٹیج میں پانچ نقاب پوش مسلح ملزمان کو مقتول کے گھر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ملزمان گھر میں داخل ہوتے وقت مختلف زاویوں سے گھر کا معائنہ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں، فوٹیج میں ملزمان کو بلٹ پروف جیکٹ اور جدید اسلحہ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان نے مقتول کے بیڈ روم میں داخل ہو کر بیوی بچوں کے سامنے فائرنگ کر کے عامر اعوان کو قتل کیا۔

واضح رہے کہ واقعے کا مقدمہ مقتول عامر اعوان کی اہلیہ کی مدعیت میں تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج ہیں۔

متعلقہ خبریں