Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل، بارش کا سلسلہ جاری

محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے

شہرقائد میں مغربی ہواؤں کا سسٹم داخل ہوچکا ہے جس کے باعث گزشتہ شب سے شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور کہیں رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صبح سے ہی قائدِ آباد ملیر، میٹروول سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی، سرجانی، نارتھ کراچی، نیو کراچی نارتھ ناظم آباد، شاہراہ فیصل، کارساز، اسٹیڈیم میں ہلکی بارش جاری ہے۔

اسی طرح ایئرپورٹ، ملیر، ماڈل کالونی اور اطراف، صدر، ایم اے جناح روڈ، کلفٹن اور اطراف میں بھی ہلکی بارش ہورہی ہے تاہم آئندہ چند گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ شدت اختیار کر سکتا ہے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ  بارش برسانے والا سسٹم اس وقت جنوبی بلوچستان پر موجود ہے جبکہ جنوب مغربی پنجاب کے علاقے بھی بارش برسانے والے سسٹم کے زیر اثر ہیں۔

پنجگور، تربت، کیچ، آوران، خضدار، خاران اور لسبیلہ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، لیہ اور ملتان، نورپور تھل، میاںوالی اور گرد نواح میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  ڈیرہ اسماعیل خان، کراچی اور گردونواح  میں بھی تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

 جنوبی بلوچستان اور جنوب مغربی پنجاب میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جس کی وجہ سے جنوبی بلوچستان اور جنوب مغربی پنجاب کے مقامی ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کا بھی خدشہ ہے۔