اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار رہا۔ شہر میں کہیں دھوپ اور کہیں بادلوں کا راج دیکھنے میں آیا تاہم دن چڑھنے کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ گرمی کی شدت کے باعث درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ جنوب مغرب سے ہوائیں 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


















