آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 17 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ مختلف شعبوں کے لیے اربوں روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ریونیو ہدف 15 ہزار 267 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ترقیاتی منصوبے (نیشنل ڈیویلپمنٹ پلان) کے تحت 4700 ارب روپے سے زائد اخراجات تجویز کیے گئے ہیں، جبکہ دفاعی اخراجات کے لیے 2600 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
دستاویزات کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 7800 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، جبکہ پنشن کی مد میں 1100 ارب روپے سے زائد رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف شعبوں کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے تقریباً 850 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے 1126 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ تجاویز کو حتمی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جہاں مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز اور محصولات کے اہداف کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

















