Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے وفد کی اہم ملاقات، وفاقی بجٹ سے متعلق تجاویز پیش

ایم کیو ایم پاکستان نے تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی تجویز پیش کی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں آئندہ وفاقی بجٹ اور کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ دیگر ارکان میں ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔ حکومتی وفد میں رانا ثنا اللہ اور احسن اقبال بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی بجٹ سے متعلق اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کیں اور کراچی و حیدرآباد کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کا مطالبہ کیا۔

وفد نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی بحالی سے متعلق بھی مؤقف پیش کیا جبکہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات کے لیے جلد آئینی ترمیم لانے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بلدیاتی نظام سے متعلق آئینی ترمیم پر اصولی اتفاق کیا اور اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان مشترکہ طور پر پیپلزپارٹی سے مشاورت کریں گی۔

ملاقات میں کراچی سے روہڑی تک ایم ایل ون منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے، کراچی سے حیدرآباد موٹروے کی تعمیر اور کراچی پورٹ کو حیدرآباد سے منسلک کرنے جیسے ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی تجویز بھی پیش کی جبکہ بجٹ میں شہری سندھ کیلئے زیادہ وسائل مختص کرنے پر زور دیا گیا۔