جرمن نوجوان نے ایک منٹ میں 2 پاؤنڈ سے زیادہ شہد کھا کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
شہد دنیا بھر میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی غذاؤں میں سے ایک ہے تاہم کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ کوئی شخص ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دو پاؤنڈ سے زیادہ شہد کھا جائے؟
آپ شاید سوچ رہے ہوں گے کہ یہ ممکن ہے لیکن غالباً آپ شہد جیسے گاڑھے مادّے کو نگلنے کی مشکل کو کم سمجھ رہے ہیں۔ یہ نہ تو پانی یا سافٹ ڈرنک پینے جیسا ہے اور نہ ہی ٹھوس غذا کھانے جیسا، اسی لیے یہ ایک بہت مشکل چیلنج ہے۔
تاہم غیر معمولی کھانے اور پینے کے مقابلوں کے لیے مشہور جرمن نوجوان اینڈرے اورٹولف نے اس مشکل چیلنج قبول کرتے ہوئے حال ہی میں ایک منٹ میں سب سے زائد مقدار میں شہد کھانے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا ارادہ کیا۔
انہوں نے یہ کارنامہ جرمن کے قدیم شہراوگسبرگ میں انجام دیا جہاں انہوں نے صرف 60 سیکنڈ میں 1,273 گرام (44.91 اونس) شہد کھا کر گینیز بک میں اپنا نام درج کرا لیا۔
اورٹولف کی نئے ریکارڈ قائم کرنے کی کامیاب کوشش ایک کلپ کے ذریعے ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں انہیں شہد سے بھرے ایک باؤل بڑے چمچ کے ذریعے شہد کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی رفتار اتنی تیز ہے کہ عام آدمی شاید اس طرح کی کوشش نہ کر پائے۔
اورٹولف کا یہ کارنامہ نہ صرف ان کی رفتار اور عزم کی عکاسی کرتا ہے بلکہ غیر معمولی کھانے کے چیلنجز میں ان کے وسیع تجربے کا بھی ثبوت ہے۔




















