Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام؛ 3 خوارج ہلاک، افغان دہشتگرد گرفتار

فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے 3 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے

کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا تاہم بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ رینجرز کے 3 جوان دھرتی پر قربان ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون کو بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے یونیورسٹی روڈ پر موسمیات چورنگی کے قریب واقع رینجرز کیمپ پر حملے کی کوشش کی۔

حملہ آوروں نے کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی تاہم رینجرز کے جوانوں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جو بعد ازاں افغان شہری نکلا۔

فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے 3 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے، زخمیوں اور شہداء کے اہلخانہ سے اعلیٰ عسکری قیادت نے تعزیت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ”عزمِ استحکام“ کے تحت ملک میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

متعلقہ خبریں