Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور اسرائیل کے جنگی جرائم عالمی عدالتوں میں اٹھائے جائیں، مجتبیٰ خامنہ ای

نومولود بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک کو شہید کیا گیا، سپریم لیڈر

ایران کے سپریم لیڈر  مجتبیٰ خامنہ ای نے جوڈیشری ویک کے موقع پر اپنے پیغام میں امریکا اور اسرائیل پر جنگی جرائم کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان مقدمات کو ملکی اور بین الاقوامی عدالتوں میں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف مبینہ امریکی اور اسرائیلی جنگی جرائم پر باقاعدہ قانونی کارروائی کی جانی چاہیے اور ایسے تمام معاملات کو عالمی عدالتوں میں لے جایا جائے۔ ان کے مطابق میناب اسکول کے جنگی مجرمان سمیت دیگر واقعات کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ عدلیہ کی کامیابی کی بنیاد رہبرِ اعلیٰ کی ہدایات پر عمل درآمد میں ہے اور ایک مضبوط عدالتی نظام سے عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات صرف کاغذی یا منصوبہ جاتی حد تک محدود نہیں رہنی چاہئیں بلکہ ان پر عملی طور پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری عوام کے حقوق کا تحفظ اور بدعنوانی کا خاتمہ ہے، جبکہ عوام کو روزمرہ زندگی میں ان اصلاحات کے اثرات نظر آنے چاہئیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے امریکا اور اسرائیل پر سنگین الزامات دہراتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں سے لے کر بزرگ شہریوں تک کو شہید کیا گیا اور ان کے مطابق ایسے ہزاروں مقدمات موجود ہیں جنہیں ملکی اور عالمی سطح پر اٹھایا جانا چاہیے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان معاملات کو سنجیدگی سے لے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے، تاکہ عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔