فرانس کے شمال مشرقی شہر نانسی کے قریب ایک دل دہلا دینے والا فضائی حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک شہری تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق یہ طیارہ پیراشوٹ جمپنگ اسکول سے تعلق رکھتا تھا اور نانسی-ایسے ایئر فیلڈ سے معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ پرواز کے چند ہی لمحوں بعد طیارہ میورت-ای-موزیل کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں ایک پائلٹ، پانچ انسٹرکٹرز اور پانچ زیرِ تربیت طلبہ سمیت تمام 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واقعے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بڑی نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ بھی فوری طور پر جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والے اداروں نے واقعے کی مکمل جانچ شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔
یہ واقعہ فرانس میں حالیہ برسوں کے سب سے ہلاکت خیز شہری تربیتی فضائی حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔


















