مصنوعی ذہانت کے معروف پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی نے مفت صارفین کے لیے تحریری چیٹس کی حد ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ صارفین کو پیچیدہ سوالات کے لیے بہتر تجزیاتی صلاحیت فراہم کرنے کے لیے نیا ’’سوچیں‘‘ فیچر بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا جی پی ٹی-5.6 لونا ماڈل متعارف کرایا ہے جو مفت اور گو صارفین کے لیے پہلے سے موجود جی پی ٹی-5.5 کی جگہ بطور ڈیفالٹ ماڈل کام کرے گا۔
نئے اپ ڈیٹ کے تحت مفت صارفین کو تحریری چیٹس کے لیے لامحدود سہولت فراہم کی جائے گی تاہم فائلز، تصاویر، آواز اور تصویر بنانے جیسی دیگر سہولیات کے لیے استعمال کی الگ حدود برقرار رہیں گی۔
کمپنی کے مطابق صارفین کو پیچیدہ سوالات کے لیے ’’سوچیں‘‘ کا نیا آپشن بھی دیا جائے گا جس کے ذریعے وہ زیادہ گہرے تجزیے اور بہتر جوابات حاصل کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم پیش رفت، چیٹ جی پی ٹی نے بڑا فیصلہ کر لیا
اوپن اے آئی نے پلس اور پرو صارفین کے لیے بھی نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں۔ ان صارفین کو اپ گریڈ شدہ جی پی ٹی-5.6 ایس او ایل ماڈل تک رسائی دی جائے گی، جو سوالات کے جوابات، ویب تحقیق، مشاورت، منصوبہ بندی، تحریر اور فیصلہ سازی جیسے کاموں میں بہتر کارکردگی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
پلس اور پرو صارفین کے لیے ’’سوچنے کی سطح‘‘ تبدیل کرنے کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین یہ طے کرسکیں گے کہ کسی سوال کے جواب میں ماڈل کتنی گہرائی سے تجزیہ کرے۔
اوپن اے آئی کے مطابق کمپنی کے اندرونی جائزوں میں جی پی ٹی-5.5 انسٹینٹ کے مقابلے میں جی پی ٹی-5.6 لونا میں حقائق پر مبنی غلطیوں میں 62 فیصد کمی جبکہ جی پی ٹی-5.6 ایس او ایل میں 68 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کمپنی نے بتایا کہ GPT-5.6 Sol کا نیا ورژن پلس اور پرو صارفین کے لیے فوری طور پر دستیاب کردیا گیا ہے، جبکہ مفت اور گو صارفین کے لیے دیگر نئی سہولیات مرحلہ وار متعارف کرائی جارہی ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق اگلے ہفتے تک صارفین کو لامحدود تحریری چیٹس اور مشکل سوالات کے لیے نئے ’’سوچیں‘‘ بٹن تک رسائی بھی فراہم کردی جائے گی۔




















