Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی فورسز کا پنجگور میں کامیاب آپریشن؛ فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی انجام دینے جا رہے تھے

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر پنجگور کلی سوران میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر پنجگور کلی سوران میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر ایک بڑی دہشت گردی کی کارروائی انجام دینے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں کے استعمال سے دہشت گردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ و گولہ بارود  بھی برآمد کرلیا گیا جبکہ دہشت گردوں سے 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، آئی ای ڈی ڈیوائس سمیت کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی برآمد ہوا۔

اس کے علاوہ ہلاک دہشت گرد مقامی افراد کی لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جارہی رہیں گی۔

متعلقہ خبریں