عمان کے دارالحکومت مسقط میں حال ہی میں منعقد ہونے والے اونٹوں کے مقابلۂ حسن میں بوٹوکس جیسے مصنوعی کاسمیٹک پروسیجرز کے استعمال پر کئی اونٹوں کو مقابلے سے باہر کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، مقابلے میں حصہ لینے والے تقریباً 20 اونٹوں کے مالکان نے اپنے جانوروں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے بوٹوکس انجیکشنز لگوائے تھے، جس کے بعد ان اونٹوں کو اس غیر فطری طریقے کے استعمال پر مقابلے سے باہرکر دیا گیا۔
عرب ممالک میں اونٹوں کا حسن ایک اہم ثقافتی روایت ہے اور یہاں کے مقابلوں میں اونٹوں کی قدرتی خوبصورتی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والی تنظیموں نے اس بات پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے کہ اونٹوں کو مصنوعی طریقوں سے خوبصورت نہیں بنایا جائے۔ اس سے پہلے بھی سعودی عرب میں اس طرح کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عرب اور خلیجی ریاستوں میں اونٹوں کو عزت و وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے، اور یہاں اونٹوں کا حسن کا مقابلہ باقاعدگی سے منعقد ہوتا ہے۔ مسقط میں ہونے والے حالیہ مقابلے میں بھی اس روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی اور اس طرح کے مصنوعی طریقوں کے استعمال پر واضح کارروائی کی گئی ہے۔




















