چین کی ایک ای کامرس پلیٹ فارم JD.com نے حال ہی میں خصوصی گولڈ پلیٹڈ آئی فون کیسز کی ایک سیریز متعارف کرائی ہے جسے خریدنے پر آئی فون 17 میکس مفت دیا جائے گا۔
عام طور پر جب لوگ مہنگے فون خریدتے ہیں تو انہیں سستے کیسز مفت دیے جاتے ہیں، تاہم چین کے اس آن لائن تجارتی پلیٹ فارم نے اس تصور پلٹ کر پیش کیا ہے، جہاں کوئی بھی شخص گولڈ پلیٹڈ آئی فون 17 میکس کیس خرید کر ایک اعلیٰ معیار کا فون حاصل کر سکتا ہے۔
اس کیس کی سیریز کو “Au99.99 گولڈ” کا نام دیا گیا ہے، جو محدود ایڈیشن میں آئی فون 17 میکس کیسز ہیں اور مختلف وزن میں دستیاب ہیں جیسے 10 گرام سے لے کر 100 گرام تک۔

واضح رہے کہ موبائل کیس میں سونے کی مقدار جتنی زیادہ مقدار ہوگی، قیمت بھی اسی مناسبت سے زیادہ ہوگی۔ اس سیریز کے سب سے بھاری کیس کی قیمت 139,999 یوان (تقریباً 20,000 ڈالر) ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون 17، ایپل کا نیا جادو، فیچرز دیکھ کر صارفین دنگ رہ گئے
اتنی کثیر رقم لوگ عموماً ایک گاڑی پر خرچ کرتے ہیں، نہ کہ ایک فون کیس پر، لیکن JD.com نے اس ڈیل کو مزید دلچسپ بنانے کا ایک انوکھا طریقہ نکالا ہے۔
اگر آپ 20,000 ڈالر پر آئی فون 17 میکس کیس خریدنے کا ارادہ کر رہے ہیں تو آپ شاید پہلے ہی یہ فون رکھتے ہوں گے، لیکن اگر نہیں رکھتے، یا نیا خریدنے کا سوچ رہے ہیں، تو جے ڈی ڈاٹ کام ہر 100 گرام Au99.99 گولڈ کیس کے ساتھ ایک نیا ایپل فون بھی دے رہا ہے۔

ایک بات جو ان کیسز پر پیسہ خرچ کرتے وقت ذہن میں رکھنی چاہیے وہ یہ ہے کہ کیس پر گولڈ کی پلیٹنگ وائرلیس چارجنگ میں مداخلت کا سبب بنتی ہے جس سے فون زیادہ گرم ہو سکتے ہیں۔
JD.com نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ واقعی 20,000 ڈالر کا 100 گرام سونے کا کیس کسی نے خریدا ہے یا نہیں، لیکن 10 گرام کا کیس پہلے ہی فروخت ہو چکا ہے، اور کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر اپنے 30 گرام والے کیسز بھی دکھائے ہیں۔ 30 گرام کا کیس 38,999 یوان (5,650 ڈالر) میں دستیاب ہے، جو کہ یقیناً سستا نہیں ہے۔




















