Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دن کے وقت لی گئی رمضان المبارک کے چاند کی نایاب تصویر جاری

عام طور پر پہلا چاند اس وقت دکھائی دیتا ہے جب اس کی عمر 18 سے 24 گھنٹے کے درمیان ہو

ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی ایک نایاب تصویر جاری کی ہے جو دن کی روشنی میں لی گئی۔ فلکیاتی حکام کے مطابق، یہ تصویر 18فروری 2026 کو صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر ابوظبی سے جدید امیجنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ کی گئی۔

ماہرین نے بتایا کہ اس وقت چاند کی عمر تقریباً 16.6 گھنٹے تھی اور وہ سورج سے 9.8 ڈگری کے زاویے پر موجود تھا۔ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت یہ چاند اس وقت بھی واضح طور ریکارڈ کیا جا سکا جب وہ انسانی آنکھ سے دیکھنے کے لیے بہت مدھم تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں موسم کیسا رہے گا؟

فلکیاتی مرکز نے اس کامیاب تصویر کشی کو ایک نمایاں فلکیاتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے چاند کی پیدائش کی سائنسی تصدیق میں مدد ملتی ہے، جو غروبِ آفتاب کے بعد چاند کی رویت سے قبل ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق، عام طور پر پہلا چاند اس وقت دکھائی دیتا ہے جب اس کی عمر 18 سے 24 گھنٹے کے درمیان ہو، لیکن اس کا انحصار موسم، فضائی شفافیت اور افق پر چاند کی بلندی پر ہوتا ہے۔ 15 سے 16 گھنٹے پرانا چاند نایاب ضرور ہے لیکن مثالی موسمی حالات میں دیکھنا ممکن ہو سکتا ہے۔ 12 گھنٹے سے کم عمر چاند کو دیکھنا عموماً جدید آلات کے بغیر تقریباً ناممکن سمجھا جاتا ہے۔