نایاب فلکیاتی مناظر دیکھنے کے شوقین افراد آج آسمان پر 6 سیاروں کی خوبصورت پریڈ دیکھ سکیں گے۔
نظام شمسی میں گردش کرنے والے سیاروں میں سے 6 سیارے آج ایک ہی قطار میں آرہے ہیں جسے planetary parade کا نام دیا گیا ہے۔
یہ دلچسپ اور حیران کن فلکیاتی منظر آج سے شروع ہوگا جو مارچ کے آغاز تک جاری رہے گا اور پاکستان میں بھی یہ فلکیاتی منظر بغیر ٹیلی اسکوپ کے شام غروب آفتاب کے بعد دیکھا جاسکے گا جس میں 6 میں سے 4 سیاروں کا نظارہ بغیر کسی ٹیلی اسکوپ کے ممکن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس کا پہلا بلڈ مون کب نمودار ہوگا، کیا پاکستان میں دیکھا جاسکے گا؟
جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق آج جو چھ سیارے ایک قطار میں دکھائی دیں گے ان میں عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون شامل ہیں جو آج شام آسمان میں نظر آئیں گے۔
جس سے ایک نایاب “سیاروی پریڈ” (Planetary Parade) کا منظر بنے گا اس فلکیاتی نظارے کو دیکھنے کا بہترین وقت غروبِ آفتاب کے تقریباً 30 منٹ بعد ہوگا جب یہ سیارے مغرب سے مشرق تک آسمان میں پھیلے ہوئے ہوں گےڈاکٹر جاوید اقبال کے مطابق بغیر ٹیلی اسکوپ کے یا ننگی آنکھ سے نظر آنے والے سیاروں میں عطارد، زہرہ، زحل اور مشتری شامل ہونگے جبکہ دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے نظام شمسی کے ساتویں اور آٹھویں سیارے بالترتیب یورینس اور نیپچون کو بھی دیکھا جاسکے گا۔



















