ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد خطے میں صورتحال شدید کشیدہ ہوگئی ہے جب کہ ایران نے بھی جوابی کارروائی شروع کردی ہے۔
کویت میں نماز تراویح کی تمام تقریبات معطل
کویت کی وزارتِ اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے دوران ادا کی جانے والی تراویح کی نمازیں ملک بھر کی تمام مساجد میں اگلے حکم تک معطل رہیں گی۔
وزارت نے یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ جمعرات کو ادا کی جانے والی نمازیں بھی اگلے اعلان تک نہیں ہوں گی۔
قطر میں اگلے حکم تک تمام عوامی تقریبات معطل
آج دن بھر قطر کے دارالحکومت دوحہ کے آسمان پر کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد قطر نے اعلان کیا ہے کہ اگلے حکم تک تمام عوامی تقریبات، اجتماعات اور ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر ہونے والی تفریحی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ رمضان کے دوران ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر لگائے جانے والے افطار خیمے اور افطار تقریبات بھی روک دی گئی ہیں جو عام طور پر کمپنیوں، سرکاری اداروں اور عوام کے لیے منعقد کی جاتی ہیں۔
ایران میں 201 افراد جاں بحق
ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ایک ترجمان نے مہر نیوز ایجنسی کو بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے 24 صوبے متاثر ہوئے جن میں 201 افراد جاں بحق اور 747 زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریڈ کریسنٹ کی 220 سے زائد ٹیمیں موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تاحال کسی بھی جہاز کو اس اہم بحری گزرگاہ سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر آبنائے ہرمز کو بند کردیا گیا ہے۔ تاہم اس اعلان پر بین الاقوامی سطح پر فوری ردعمل اور تصدیق کا عمل جاری ہے۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے خام تیل کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمز کے راستے عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے۔ تقریباً 40 کلومیٹر چوڑی یہ گزرگاہ عالمی توانائی رسد کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔
اسی راستے سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور ایران سمیت خلیجی ممالک اپنا تیل بیرونی منڈیوں کو برآمد کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں دنیا کا سب سے بڑا ایل این جی برآمد کنندہ قطر بھی اپنی توانائی برآمدات کے لیے اسی بحری راستے پر انحصار کرتا ہے۔
توانائی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رہتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ کا خدشہ ہے جب کہ سپلائی چین متاثر ہونے سے معاشی دباؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
عالمی سفارتی حلقوں کی نظریں اب خطے کی صورتحال پر مرکوز ہیں کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش کسی بھی بڑے جغرافیائی و معاشی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
یو اے ای نے ایرانی میزائل حملہ ناکام بنادیا
یواےای کی وزارت دفاع نے شہریوں کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ ایرانی میزائل حملہ ناکام بنادیا گیا ہے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے، صورتحال مکمل طورپر کنٹرول میں ہے اور شہریوں کو گھبران ےکی ضرورت نہیں۔
وزارت دفاع نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں، سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ افواہوں یا غیرمصدقہ سوشل میڈیا رپورٹس پر یقین نہ کریں، متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔
وزارت دفاع کا مزید کہنا ہے کہ جہاں میزائلوں کے ٹکڑے گرے وہاں فوری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ شہریوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کویت کے ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ، متعدد ملازمین زخمی
کویت سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ مسافروں کے ٹرمینل کو محدود مادی نقصان پہنچا ہے جب کہ ڈرون نے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
ایران کے جنوبی شہر میناب میں پرائمری اسکول پرحملہ
ایرانی میڈیا کے مطابق جنوبی شہر میناب میں پرائمری اسکول پر حملہ کیا گیا جس میں جاں بحق افراد کی تعداد 70 ہوگئی ہے جب کہ 90 سے زائد زخمی ہیں، حملے میں شہید ہونے والوں میں بیشتر طالبات ہیں۔
ایرانی وزیر دفاع جاں بحق
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ایرانی وزیر دفاع امیر ناصرزادہ جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد پاکپور بھی اسرائیلی جارحیت میں جاں بحق ہوگئے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مشرق وسطیٰ کے وزرائے خارجہ سے رابطے
ایرانی وزیرخارجہ نے سعودی عرب، یواےای، قطر، کویت، بحرین اوت عراق کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرکے کہا کہ خطے کے ممالک اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہ دیں۔
عمانی وزیرخارجہ کا امریکا اور اسرائیل کے حملے پرناراضگی کا اظہار
عمانی وزیرخارجہ نے کہا کہ مذاکرات کے دوران ہونے والے حملے پر سخت افسردہ ہوں، سنجیدہ مذاکرات کو ایک بار پھر نقصان پہنچایا گیا ہے۔
عمانی وزیرخارجہ کہتے ہیں کہ اس سے نہ امریکی مفادات کی خدمت ہوگی اور نہ ہی عالمی امن کو فائدہ ہوگا۔ ان بے گناہ لوگوں کے لئے دعاگو ہوں جو اس کا خمیازہ بھگتیں گے، امریکا پر زور دیتا ہوں کہ اس معاملے میں مزید نہ الجھے، یہ آپ کی جنگ نہیں۔
سعودی ولی عہد کا کویت کے امیرسے رابطہ
خبرایجنسی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے کویت کے امیرسے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران محمد بن سلمان نے کویت کی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ کیا جب کہ سعودی ولی عہد نے قطری امیر سے بھی رابطہ کیا۔
جنوبی ایران میں لڑکیوں کے اسکول پرحملہ
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جنوبی ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملہ کیا جس دورا جاں بحق طلبہ کی تعداد 51 ہوگئی ہے جب کہ حملے میں طالبات سمیت 60 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں کی مذمت
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے متواتر جارحیت کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں، دفاع کا حق رکھتے ہیں لیکن سفارتکاری ترجیح ہے۔
سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، فرنسیسی صدر
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کےعالمی امن اورسیکیورٹی کے لئے سنگین نتائج ہوں گے۔
ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ فرانس اتحادیوں کے تحفظ کے لئے تمام وسائل استعمال کرے گا، یہ جارحیت سب کے لئے نقصان دہ ہے، اسے روکنا ہوگا۔
فرانسیسی صدر کہتے ہیں کہ ایران کے پاس اب سنجیدہ گفتگو کے بغیر کوئی آپشن نہیں ہے، ایران کو جوہری اور میزائل پروگرام کوختم کرنا ہوگا۔
فرانسیسی صدر مزید کہتے ہیں کہ ایرانی عوام کو مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق ملنا چاہیے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔
روس کا ایران پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ
روس نے امریکا اور اسرائیل کے ایران پر ہونے والے حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو سیاسی اور سفارتی راستے پر واپس لایا جائے، عالمی برادری ذمہ دارانہ اور غیرجانبدارانہ مؤقف اختیارکرے۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں خطے میں مزید بے چینی پیدا کرسکتی ہیں، روس پہلے کی طرح امن کے لئے اقدامات میں تعاون کے لئے تیار ہے۔
اسرائیل میں ہنگامی اقدامات، اسکول بند اور عوامی اجتماعات پر پابندی
اسرائیل نے ایران کے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں ہنگامی اقدامات کردیے ہیں جس کے تحت حکومت نے اسکول اور دفاتر بند کردیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے اور اسپتالوں کے مریضوں کو زیر زمین محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع کاتز نے پورے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا اور شہریوں کو ایرانی حملوں کے خطرے سے آگاہ کیا۔
فوج نے ریزرو اہلکاروں کو طلب کرکے سرحدی علاقوں اور حساس مقامات کی حفاظت مضبوط کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
پولیس نے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی ہے تاکہ سیکیورٹی اور ہنگامی گاڑیاں بلا رکاوٹ حرکت کرسکیں۔
ابتدائی میزائل حملوں سے چند مقامات پر معمولی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ اسرائیلی شہری بم شیلٹرز تک فوری رسائی کے لیے ملک گیر الارم سسٹم کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔
یروشلم میں شہری خوراک خریدنے اور نقد رقم نکالنے کے لیے دکانوں کی جانب دوڑتے دکھائی دیے جب کہ تل ابیب کے قریب شیبا میڈیکل سینٹر نے تمام وارڈز کو زیر زمین منتقل کرکے ہنگامی تیاری مکمل کرلی ہے۔
میڈیکل سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل اتائی پیساچ نے کہا کہ اسپتال نے تمام خدمات اور شعبوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کرکے ہنگامی حالات کے لیے تیار کرلیا ہے۔
ایران کے نائب وزیرِ خارجہ نے حملوں کے وقت کو ’’شدید پریشان کن‘‘ قرار دیا
حمید غنبری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے اس وقت ہوئے جب ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات کا نیا دور جاری تھا اور یہ وقت ’’شدید پریشان کن‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام ’’اعتماد کو توڑتے ہیں اور پرامن حل کے عزم پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں‘‘۔
نائب وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور موجودہ عسکری کشیدگی سے ہونے والے کسی بھی انسانی نقصان پر افسوس ہے۔
جنوبی ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملہ
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جنوبی ایران میں لڑکیوں کے اسکول پر حملہ کردیا، حملے میں جاں بحق طلبہ کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔
ایران کی اعلیٰ قیادت مکمل طور پر صحت مند ہے، تہران ٹائمز
ایران کی اعلیٰ سیاسی، عدالتی اور عسکری قیادت کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے درمیان تہران ٹائمز نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تمام اہم شخصیات مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
ایرانی میڈیا آؤٹ لیٹ ’’تہران ٹائمز‘‘ کے مطابق ملک کے رہنما، صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر، چیف جسٹس، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اور آرمی کے کمانڈر اِن چیف سب خیریت سے ہیں اور اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں اعلیٰ قیادت کی صحت سے متعلق مختلف افواہیں زیر گردش تھیں جس کے بعد تہران ٹائمز نے واضح کیا کہ تمام اعلیٰ عہدیداران مکمل صحت میں ہیں اور کسی قسم کی تشویشناک صورتحال نہیں۔
امریکا اور اسرائیل کے تہران سمیت کئی شہروں پر میزائل حملے
امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر حملہ کرتے ہوئے تہران سمیت کئی شہریوں پر میزائل داغ دیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں دھماکے ہوئے جہاں شمالی علاقوں میں میزائل داغے گئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران کے مشرق میں ایک دھماکا سنا گیا جبکہ شمالی علاقوں میں مزید دو دھماکے ہوئے، یہ امریکا اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے مہرآباد ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا، اس کے علاوہ سیستان، اصفہان، قم، کرج اورکرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر خامنہ ای کےکمپاؤنڈ کے قریب 7میزائل گرے، حملوں میں کئی شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کی جانب سے یورینیم افزودگی کی ڈیل نہ ہونے پر ناراض تھے، ایران پر امریکی حملے فضا اور سمندر سےجاری ہیں۔
متعددمیزائل تہران میں یونی ورسٹی روڈ اور جمہوری ایریا پرگرے: ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ متعددمیزائل تہران میں یونی ورسٹی روڈ اور جمہوری ایریا پرگرے، تہران میں دھویں کے بادل بھی اٹھتے دیکھے گئے۔
ہم ایران کے میزائل نظام اور میزائل انڈسٹری تباہ کردیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمارا مقصد ایرانی حکومت سے آنے والے خطرات کو ختم کرکے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ کچھ دیر پہلے امریکی فوج نے ایران کےخلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے، ایران جوہری ہتھیارنہیں رکھ سکتا، ہم ایران کے میزائل نظام اور میزائل انڈسٹری تباہ کردیں گے، ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی ایران پر پیشگی حملوں کی تصدیق
اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی ایران پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے تہران پر حملہ کیا ہے، ایران پر پیشگی حملےشروع کیے ہیں۔
ایران کا امریکی و اسرائیلی کیخلاف سخت جوابی کارروائی کا اعلان
ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد ایران جوابی کارروائی کی تیاری کررہاہے، ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔
سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔
ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، اسرائیلی دفاعی اہلکار
اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایران میں اسرائیل کا آپریشن امریکا کے ساتھ مل کر جاری ہے، ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے بنایا گیا تھا، ایران پر حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں پہلے کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای تہران میں موجود نہیں ہیں، آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایران نے حملے کے بعد اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کردی۔
اختتام اب آپ کے ہاتھ میں نہیں، ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا: ایران کا امریکا و اسرائیل کو پیغام
ایران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے تہران پر ہونے والے حملوں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔
ایرانی اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے دارالحکومت تہران، اصفہان، تبریز، قم اور کرج میں حملے کیے گئے ہیں۔
تہران کے مضافات میں میزائل حملوں کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں سرکاری عمارتوں اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی و اسرائیلی حملے پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے ایرانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، ہمارا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔
سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان حملوں کا اختتام اب آپ کے اختیار میں نہیں رہا۔




















