کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا جدید قصبہ بھی موجود ہے جس کی خاموش گلیوں کے نیچے دہائیوں سے مہلک آگ سلگ رہی ہے؟ یہ کوئی افسانہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔
امریکی ریاست پنسلوانیا میں واقع قصبہ سینٹرلیا کبھی کوئلہ کان کنی کا ایک مصروف مرکز تھا، جہاں سیکڑوں افراد آباد تھے اور کاروباری سرگرمیاں عروج پر تھیں مگر آج یہ علاقہ تقریباً ویران ہوچکا ہے۔
اس قصبے کے نیچے لگی زیرِ زمین آگ کئی دہائیوں سے بھڑک رہی ہے۔ سڑکوں میں پڑنے والی دراڑوں سے نکلتی بھاپ اور دھواں ایک پراسرار منظر پیش کرتے ہیں، جس نے اسے ”گھوسٹ ٹاؤن“ کی شناخت دے دی ہے۔ خطرناک گیسوں اور زمین دھنسنے کے خدشات کے باعث زیادہ تر مکین اپنے گھر چھوڑ کر جا چکے ہیں جبکہ چند افراد اب بھی وہاں مقیم ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ آگ مزید سیکڑوں سال تک جلتی رہ سکتی ہے۔ اس کے آغاز کے بارے میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں، تاہم ایک عام نظریہ یہ ہے کہ قصبے کے ایک لینڈ فل مقام پر کچرے کو آگ لگانے کے دوران شعلے زیرِ زمین متروک کوئلے کی کانوں تک پہنچ گئے۔ وہاں موجود سرنگوں میں پھیلنے کے بعد یہ آگ بے قابو ہوگئی اور تب سے مسلسل سلگ رہی ہے۔
یوں ایک آباد قصبہ تاریخ کے ایک المناک اور خوفناک باب میں تبدیل ہوگیا، جو آج بھی دنیا بھر کے لوگوں کے لیے حیرت اور تجسس کا باعث بنا ہوا ہے۔




















