کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ رفتہ کے دوران 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 5,107 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس 173,169 پوائنٹس سے گر کر 168,062 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس عرصے میں مارکیٹ نے پانچ نفسیاتی حدیں بھی کھو دیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پانچ روزہ کاروبار میں چار دن مندی جبکہ صرف ایک دن تیزی دیکھی گئی۔ ہفتے کے دوران 100 انڈیکس ایک موقع پر 174,336 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا، جبکہ کم ترین سطح 162,953 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی اور پانچ روز کے دوران 672 ارب روپے کا خسارہ ہوا، جس کے بعد مجموعی مالیت کم ہو کر 18,930 ارب روپے رہ گئی۔ اس دوران تقریباً 2.99 ارب شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 154 ارب روپے رہی۔
ماہرین کے مطابق پاک افغان کشیدگی، معاشی بے یقینی اور فروخت کے دباؤ کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کیے رہے، جس کے نتیجے میں بازار زیادہ تر منفی زون میں رہا۔



















