Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف بی آر نے ڈیجیٹل نظام میں شامل نہ ہونے والوں پر بھاری جرمانے تجویز کر دیے

دستاویز کے مطابق جعلی انوائس جاری کرنے والے سپلائرز کے خریدار بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ 2026-27 کے فنانس بل میں ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات تجویز کر دیے ہیں۔

فنانس بل کے مطابق ایف بی آر کے ڈیجیٹل نظام کے ساتھ کاروبار کا انٹیگریشن نہ کرنے پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ مقررہ مدت کے اندر انٹیگریشن مکمل نہ کرنے والے کاروبار سیل بھی کیے جا سکیں گے۔

دستاویز کے مطابق مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں 50 لاکھ روپے تک اضافی جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

فنانس بل میں جعلی اور فرضی ٹیکس انوائسز کے خلاف بھی سخت کارروائیوں کی سفارش کی گئی ہے جعلی انوائس جاری کرنے والوں پر انوائس کی مکمل مالیت کے برابر جرمانہ عائد کیا جا سکے گا، جبکہ ایسے افراد اور اداروں کی عوامی فہرست بھی جاری کرنے کی تجویز شامل ہے۔

مجوزہ اقدامات کے تحت فرضی انوائسز کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ٹیکس کریڈٹ خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گا اور جعلی انوائسز کے خلاف خودکار کارروائی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

فنانس بل میں ان پٹ ٹیکس اور آؤٹ پٹ ٹیکس کے درمیان فرق ثابت ہونے پر 20 فیصد جرمانہ عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، جبکہ غلط ان پٹ ٹیکس کریڈٹ لینے والوں پر سرچارج کے ساتھ اضافی جرمانہ بھی لاگو ہوگا۔

دستاویز کے مطابق جعلی انوائس جاری کرنے والے سپلائرز کے خریدار بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے۔ مزید برآں، 60 دن کے اندر ٹیکس کریڈٹ واپس نہ کرنے کی صورت میں 20 فیصد اضافی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔

متعلقہ خبریں