پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوران مندی کا رجحان غالب رہا جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ نے 3 اہم نفسیاتی حدیں کھو دیں۔
کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 178 ہزار 694 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا تاہم بعد ازاں فروخت کے دباؤ کے باعث 175 ہزار 790 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔
مارکیٹ میں آج مجموعی طور پر 29 ارب روپے مالیت کے 61 کروڑ 86 لاکھ سے زائد حصص کے سودے ہوئے، جبکہ 566 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 101 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 367 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گر گئیں۔
گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 178 ہزار 123 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس سے خسارے میں تبدیل ہونا اور مارکیٹ میں حصص کی فروخت کا بڑھتا ہوا دباؤ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کر رہا ہے جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی۔



















