Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے بھاری پتھر عوام کے پیٹ سے باندھ دیا، پیٹرولیم قیمتیں اب روزانہ بدلیں گی

پیٹرولیم مصنوعات میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین اوگرا کرے گی

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا فیصلہ روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ چند دنوں میں عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ڈیزل کی قیمت 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے خطے میں مستقل جنگ بندی کے لیے بھرپور کوششیں کیں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا تاہم عالمی کشیدگی کے اثرات تیل کی منڈی پر بھی پڑ رہے ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اب اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی اور عالمی قیمتوں کے مطابق پیٹرول، ڈیزل کے نئے ریٹس جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی یومیہ قیمت کا تعین 7 دن کی اوسط عالمی قیمت کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ اوگرا روزانہ قیمتیں مقرر کرکے انہیں نوٹیفائی کرے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ماضی میں جب پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو عوام کو 70 سے 80 روپے تک ریلیف دیا گیا حکومت کا فیصلہ قیمتوں میں شفافیت لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے نظام سے عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا حکومت کا سبسڈی پروگرام آج بھی جاری ہے۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت 520 روپے سے کم کرکے 300 روپے تک لائی۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا ردعمل

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کا تعلق عالمی کشیدگی سے ہے پاکستان کشیدگی میں کمی کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان نے سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھا مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر ملک کی توانائی ضروریات پوری کی گئیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کے باعث ملک کو توانائی کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑا وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر 130 ارب روپے کی سبسڈی دی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین مکمل شفاف طریقے سے ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو تیزی سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف جانا ہوگا وزیراعظم نے کسی بھی کمپنی کو اضافی منافع کمانے کی اجازت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے کسی کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں