Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام سا گانا بھی راحت فتح علی خان کے سُروں میں ڈھل کر خاص ہوجاتا ہے!

راحت فتح علی خان آج اپنی زندگی کی 51ویں سالگرہ منارہے ہیں۔

یہ دنیا نہیں ہے میرے پاس تو کیا؟

میرا یہ بھرم تھا میرے پاس تم ہو

کہتے ہیں کہ موسیقی سے انسان کو ذہنی سکون ملتا ہے اور اگر کوئی گانا سُر کے سلطان راحت فتح علی خان کی آواز میں ہو تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے گانا آپ کے لیے ہی گایا ہے، اپنی گائیکی سے سُروں کے سلطان نے ناجانے کتنے ہی ٹوٹے دلوں کو سہارا دیا ہے، آج وہ اپنی زندگی کی 51ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

1974 میں فیصل آباد کے معروف قوال گھرانے میں پیدا ہونے والے راحت فتح علی خان، قوالی کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان کے بھتیجے اور فرخ فتح علی خان کے صاحبزادے ہیں۔ موسیقی کی تربیت انہیں بچپن ہی سے اپنے خاندان کی عظیم روایت میں ملی، جس نے انہیں عالمی سطح پر ممتاز مقام دلایا۔
راحت فتح علی خان کا میوزک ٹور، برطانیہ میں پرفارم کرینگے

کم عمری میں اسٹیج پر قدم رکھنے والے راحت فتح علی خان نے قوالی، غزل، کلاسیکل، فلمی گیت اور ملی نغموں سمیت ہر صنف میں اپنی جادوئی آواز کا لوہا منوایا، ان کے سینکڑوں گیت آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکساں مقبول ہیں۔

پاکستان کے علاوہ بھارت میں بھی ان کی آواز نے بے شمار فلموں کو سپر ہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے کئی یادگار ٹائٹل سانگز بھی ان ہی کی آواز سے امر ہوئے۔
راحت فتح علی خان کا وطن عزیز کی عوام کو خاص پیغام

ملی نغموں کے حوالے سے بھی وہ خاص مقام رکھتے ہیں، ان کے ترانے اتحاد، جذبے اور حب الوطنی کی علامت تصور کیے جاتے ہیں۔

فنونِ لطیفہ میں غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس، آئیفا ایوارڈز اور متعدد اعزازات سے نوازا جاچکا ہے جبکہ 2019 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے انہیں موسیقی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کی۔

تاہم، آج بھی استاد راحت فتح علی خان دنیا بھر میں کنسرٹس، روحانی محفلوں اور عالمی تقریبات کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: راحت فتح علی خان کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی لوگوں کا پسندیدہ بن گیا