پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے اپنی فٹنس اور جوان نظر آنے کی وجہ سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔
نادیہ خان نے اپنے شوہر فیصل راؤ کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران بتایا کہ وہ اپنی زندگی میں خوش اور مطمئن ہیں اور یہی خوشی اور مثبت سوچ ان کی جوانی کا اصل راز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوان دکھنے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے، میں اپنی خوراک اور فٹنس کا خاص خیال رکھتی ہوں اور برسوں سے باقاعدگی کے ساتھ اس پر کام کر رہی ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ کسی بھی شعبے سے تعلق ہو، انسان کا فٹ اور صحت مند ہونا ضروری ہے، تاہم شوبز انڈسٹری میں ظاہری تاثر کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ متوازن غذا لیتی ہیں اور ضرورت کے مطابق ورزش کرتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ مثبت سوچ نہ صرف شخصیت کو نکھارتی ہے بلکہ چہرے پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
کاسمیٹک پروسیجرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ غیر ضروری طریقۂ علاج سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے جلد کو نقصان پہنچ سکتا ہے، کبھی کبھار معمولی فیلرز ٹھیک ہیں، میں خود اس حوالے سے زیادہ رجحان نہیں رکھتی۔

















