معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف لاہور کے تھانہ نواب ٹاؤن میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ عائشہ شرافت نامی خاتون کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں رجب بٹ کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعیہ کا مؤقف ہے کہ 25 جولائی کو وہ اپنی دوستوں کے ہمراہ ایک نجی کیفے میں موجود تھیں جہاں دو لڑکوں اور دو لڑکیوں نے ان کی ایک دوست کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی۔
View this post on Instagram
مدعیہ کے مطابق تلخ کلامی کے دوران ملزمان نے تشدد کیا اور مبینہ طور پر اسلحہ بھی نکال لیا جبکہ میر شفیع نامی شخص پر فائرنگ کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے ایف آئی آر میں یہ الزام بھی لگایا ہے کہ مذکورہ حملہ مبینہ طور پر رجب بٹ کی ایما پر کیا گیا تاہم اس حوالے سے رجب بٹ کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تمام الزامات کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
















