Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس

شام کو لاکھوں پناہ گزینوں کی محفوظ اور باعزت واپسی کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت ہے

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شام کے عبوری دور میں عالمی تعاون بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ملک میں امن، استحکام اور قومی مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انتونیو گوتریس نے شام کے دورے کو اہم اور انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو شام کے عبوری مرحلے کی کامیابی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے شام کی سلامتی اور خودمختاری کی خلاف ورزیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ ملک کے استحکام کے لیے تمام فریقین کو تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ شام میں قومی مفاہمت کی کوششوں کو مضبوط بنانے، سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور عوامی امنگوں کے مطابق مستقبل کی تشکیل میں مدد کے لیے تیار ہے۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ شام کو لاکھوں پناہ گزینوں کی محفوظ اور باعزت واپسی کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت ہے، جبکہ عالمی برادری کو سیاسی حمایت اور اقتصادی تعاون کے ذریعے شام کی مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ شام میں انسانی بنیادوں پر امداد، تعمیر نو اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا اور شامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔

متعلقہ خبریں