راولپنڈی میں ٹک ٹاکر عائشہ غلامنہ کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب نے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
راولپنڈی میں ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ٹک ٹاکر عائشہ غلامنہ کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سے آگاہ کردیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ٹک ٹاکر عائشہ غلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے مل کر غیرت کے نام پر قتل کیا جب کہ قتل کی واردات میں مقتولہ کے کزنز بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
طارق محبوب نے بتایا کہ عائشہ غلامنہ کو ایک تقریب میں شرکت کرنے پر ورثا نے منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پولیس نے مقتولہ کے والد سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کو شواہد اور تفتیش کی روشنی میں گرفتار کیا گیا۔
طارق محبوب کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قانون کو دھوکا دینے کے لیے واقعے کے بعد ڈرامہ رچانے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران ان کے منصوبے کا سراغ لگالیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پولیس نے 100 سے زائد نگرانی کیمروں کی ریکارڈنگ اور انسانی ذرائع سے ملنے والی معلومات کی مدد سے قاتلوں تک رسائی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کا کہنا تھا کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کے ذریعے واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔


















