Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جناح اسپتال نے کینسر کے علاج میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

اس منصوبے کے تحت ایک ارب روپے سے زائد لاگت سے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل دو ٹوموتھراپی مشینیں نصب کی گئی ہیں

کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) نے کینسر کے علاج میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بریسٹ کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ریڈی ایشن تھراپی کی نئی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق سائبر نائف سینٹر میں بلقیس ایدھی و عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈی ایشن بے قائم کر دیا گیا ہے، جو ستمبر سے باقاعدہ طور پر فعال ہو جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت ایک ارب روپے سے زائد لاگت سے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل دو ٹوموتھراپی مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ ان جدید مشینوں کی بدولت بریسٹ کینسر کے علاج کے لیے پہلے 20 سے 22 سیشنز پر مشتمل ریڈی ایشن کورس کو کم کر کے صرف پانچ سیشنز تک محدود کیا جا سکے گا۔

اسپتال کے مطابق نئے ریڈی ایشن یونٹ میں روزانہ 160 تک بریسٹ کینسر کے مریضوں کو مفت ریڈی ایشن تھراپی فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہوگی۔ مریضوں کا علاج جدید ٹوموتھراپی ٹیکنالوجی کے ذریعے کیا جائے گا، جبکہ یونٹ میں فین بیم سی ٹی اسکینرز بھی نصب کیے جائیں گے۔

سربراہ سائبر نائف ڈاکٹر طارق حمود کے مطابق علاج کے لیے 360 ڈگری ہیلیکل ریڈی ایشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، جس کے ذریعے شعاعیں زیادہ درست انداز میں ٹیومر تک پہنچائی جائیں گی اور انسانی دل کو براہ راست متاثر ہونے سے بچایا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ریڈی ایشن بے میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ خواتین پر مشتمل ہوگا، تاکہ بریسٹ کینسر کے مریضوں کو زیادہ سہولت اور بہتر ماحول میں علاج فراہم کیا جا سکے۔