کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا خصوصی دورہ کیا، جہاں صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران سیکیورٹی، اسٹریٹ کرائم، ٹریفک اور تجاوزات سے متعلق مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے پیٹرن اِن چیف زبیر موتی والا، صدر عبدالرحمن فوڈا، پیٹرن سلیم پاریکھ، وائس پریزیڈنٹ محمد طاہر گوریچا، جاوید بلوانی، سابق صدر عبدالہادی اور دیگر عہدیداران و اراکین نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا استقبال کیا اور ان کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد خان نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کی اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی معاشی ترقی اور امن و امان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جب کہ صنعتکاروں اور پولیس کے باہمی تعاون سے ہی محفوظ کاروباری ماحول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے صنعتکاروں سے ان کے مسائل سنے اور انڈسٹریل زون میں سیکیورٹی، تجاوزات کے خاتمے، اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور ٹریفک سے متعلق شکایات کے فوری حل کے لیے موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ کراچی پولیس جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمت عملی اور عوامی تعاون کے ذریعے جرائم کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ کرائم سمیت مختلف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے جب کہ دہشت گردی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان اور دیگر سینئر پولیس افسران کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر آزاد خان نے ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے تعاون اور نیک تمناؤں کو سراہا۔
















