Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیٹ جی پی ٹی سے تیار ویڈنگ اسپیچ میں اہم غلطی، عدالت نے شادی منسوخ کردی

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جوڑے کی شادی کبھی قانونی طور پر وجود میں نہیں آئی

ایک ڈچ عدالت نے حال ہی میں ایک جوڑے کی شادی یہ کہہ کر منسوخ کر دی کہ شادی کی تقریب کے دوران جو ویڈنگ اسپیچ دی گئی تھی وہ چیٹ جی پی ٹی سے تیارکی گئی تھی جس میں ایک نہایت سادہ مگر ضروری اعلان شامل نہیں تھا۔

6  جنوری کو نیدرلینڈز کے شہر اوورائجسل کی ڈسٹرکٹ کورٹ نے گزشتہ سال اپریل میں زوالے میں ہونے والی ایک شادی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

 عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جوڑے کی شادی کبھی قانونی طور پر وجود میں نہیں آئی کیونکہ ان کی شادی کی تقریر میں وہ جملے شامل نہیں تھے جو قانون کے مطابق کسی بھی شادی کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 3000 سال پرانا زیتون کا درخت، جو کسی عجوبے سے کم نہیں

واضح رہے کہ جوڑے نے اپنے ایک دوست کو عارضی سول رجسٹرار کے طور پر مقرر کیا اور شادی کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے رومانوی اور غیر رسمی تقریر تیار کرانے کا فیصلہ کیا۔

نیدرلینڈز کے سول کوڈ کے آرٹیکل 1:67 کے مطابق، شادی اس وقت قانونی طور پر مکمل ہوتی ہے جب شوہر اور بیوی ایک دوسرے کو قانون کے مطابق اپنے حقوق و فرائض کے ساتھ قبول کرتے ہیں، اور یہ اعلان رجسٹرار اور گواہوں کے سامنے کیا جاتا ہے، تاہم بدقسمتی سے، چیٹ جی پی ٹی سے تیار کردہ تقریر میں ایسا کوئی اعلان شامل نہیں تھا۔

شادی کی تقریب کے دوران اس ضروری اعلان کی کمی کی نشاندہی ہونے کے بعد، مقامی حکام نے اس شادی کو غیر قانونی قرار دے دیا اور اس کا رجسٹریشن ختم کرنے کا حکم دیا۔

جوڑے نے عدالت سے درخواست کی کہ کم از کم ان کی شادی کی تاریخ 25 اپریل کو تسلیم کی جائے، لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ جوڑے کی شادی کے دن کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بھی، قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، اور اس کے تحت اس شادی کا کوئی قانونی وجود نہیں ہے۔