Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رواں سال کا پہلا سورج گرہن کب ہو گا، کہاں دکھائی دے گا؟

سورج گرہن کو براہ راست دیکھنا آنکھوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے

رواں سال 2026 کا پہلا سورج گرہن 17 فروری کو نظر آئے گا، تاہم یہ پاکستان سمیت ایشیا کے بیشتر ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔

غیر ملکی ویب سائٹ اسپیس ڈاٹ کام کے مطابق یہ سورج گرہن زیادہ تر انٹارکٹکا کے دور دراز علاقوں میں دیکھا جا سکے گا، جہاں سورج آگ کے گولے کی مانند دکھائی دے گا، یہ منظر اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے بیضوی مدار میں حرکت کرتے ہوئے سورج کے عین سامنے آجاتا ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق چونکہ چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ نہیں پاتا، اس لیے سورج کے کنارے سرخی مائل اور روشن رہتے ہیں، جس سے آسمان پر دلکش ’’رِنگ آف فائر‘‘ یعنی آگ کے حلقے جیسا منظر پیدا ہوتا ہے۔ اس مرحلے میں سورج کا بیرونی حصہ سنہری حلقے کی صورت میں نمایاں دکھائی دیتا ہے اور آسمان کچھ دیر کے لیے قدرے تاریک بھی ہو جاتا ہے۔

یہ گرہن تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہے گا، جس کے بعد چاند آہستہ آہستہ سورج کے سامنے سے ہٹنا شروع ہو جائے گا اور پھر مکمل طور پر گزر جائے گا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سورج گرہن کو براہ راست دیکھنا آنکھوں کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے، لہٰذا اسے دیکھنے کے لیے خصوصی سولر چشمے یا فلٹر کا استعمال ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق سورج گرہن کے تقریباً دو ہفتے بعد 3 مارچ کو بھی آسمان پر سال کا پہلا ’’بلڈ مون‘‘ نظر آئے گا، جس کے دوران چاند سرخ مائل دکھائی دے گا۔ یہ نظارہ شمالی امریکا، مشرقی ایشیا اور آسٹریلیا میں دیکھا جا سکے گا۔