کابینہ ڈویژن پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر چارہ روزہ سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں پانچ یا چھ دن کام کرنے والے تمام دفاتر میں جمعہ اور ہفتہ کو عید کی تعطیلات ہوں گی، 22 مارچ کو اتوار کے باعث پہلے ہی ہفتہ وار عام تعطیل ہوگی اور 23 مارچ کو بھی یوم پاکستان کی گزیٹڈ چھٹی ہوگی، اس طرح عید الفطر پر سرکاری ملازمین کو جمعہ، ہفتہ، اتوار اور پیر کی 4 چھٹیاں ہوں گی۔
مزید پڑھیں: عیدالفطر پر کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی شہریوں کیلئے خوشخبری
بتایا جارہا ہے کہ عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ جمعرات کے روز اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں تمام مکاتبِ فکرکے علماء، محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے، اجلاس میں ملک بھر سے چاند کی رویت کے لیے موصول ہونے والی شہادتوں کی جانچ کی جائے گی، اسی طرح زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ شہروں میں منعقد ہوں گے۔













