وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان مارکیٹس کے قیام سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں پر مقامی آبادی کو کاروبار کی بہتر سہولیات جبکہ تجارت کے فروغ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مجوزہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو 18 مجوزہ بارڈر مارکیٹس بشمول پائلٹ منصوبے کے تحت 4 مارکیٹس قائم کرنے پر بریفنگ دی گئی جبکہ مارکیٹس کے ڈرافٹ، پی سی ون اور ایران و افغانستان کے حکام سے مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کرنے، جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بسنے والی آبادی کی خوشحالی کے لئے مارکیٹس کا قیام اہمیت کا حامل ہے اور ان مارکیٹس کے قیام سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے جبکہ سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی مدد ملے گی۔
اجلاس میں عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر وقار مسعود، ڈاکٹر شہباز گل اور سینیئر افسران شریک ہوئے جبکہ وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور متعلقہ سینیئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News