Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی قرارداد منظور

اس اہم تعیناتی سے بھارت سمیت تمام دشمنوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، قرارداد

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف دی ڈیفنس فورسز (CDF) تعیناتی کے حوالے سے ایک اہم قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی گئی۔

قرارداد میں فیلڈ مارشل کی اعلیٰ عسکری خدمات، قومی سلامتی میں کردار اور دفاعی قیادت کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ایوان میں پیش کیے گئے متن کے مطابق فیلڈ مارشل کی تقرری نے نہ صرف ملکی دفاعی ڈھانچے میں ایک نیا اور سنہری باب رقم کیا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ اس اہم تعیناتی سے بھارت سمیت تمام دشمنوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، جبکہ یہ اقدام پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید محفوظ، مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے عزم کی بھرپور ترجمانی کرتا ہے۔

متن میں واضح کیا گیا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں قومی سلامتی کے ادارے اور سول حکومت مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جس سے ریاستی پالیسیوں میں تسلسل، داخلی استحکام اور ہم آہنگی کو تقویت ملی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کی معاشی و معاشرتی ترقی کا دارومدار داخلی امن اور مضبوط دفاع پر ہے، اور پاک فوج کی معیشت کے استحکام اور ملکی سلامتی کے لیے کوششوں پر پورا یقین ظاہر کیا گیا۔

متعلقہ خبریں