Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بسنت کا آخری روز؛ آسمان پر رنگ برنگی پتنگوں کی بہار، شہریوں کا جوش دیدنی

لاہور کی فضا پتنگوں سے سج گئی

لاہور میں بسنت میلے کا آج آخری روز پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے، شہر بھر میں چھتیں آباد ہیں اور آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھر گیا ہے۔

اس موقع پر بسنتی لباس پہنے شہری، روایتی پکوانوں کی خوشبو اور بہار کی آمد کا جشن لاہور کے گلی محلوں میں نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔

ثقافتی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں خصوصاً اندرون شہر میں چھتیں پتنگ بازوں سے بھری ہوئی ہیں، جہاں بچے، نوجوان اور بزرگ سب ہی پتنگیں اڑانے اور پیچ لڑانے میں مصروف نظر آتے ہیں، کئی بچے گلیوں اور سڑکوں میں پتنگیں لوٹنے کے لیے دوڑتے دکھائی دیے۔

بسنت کے پہلے روز ہوا نہ چلنے کے باعث شہری دن بھر پتنگ بازی کے لیے سازگار موسم کے منتظر رہے، تاہم رات کو ہوا چلتے ہی فضا پتنگوں سے گونج اٹھی۔

امن کی علامت سمجھی جانے والی سفید رنگ کی پتنگوں نے بھی آسمان کو خوبصورتی بخشی، اگرچہ اسلام آباد دھماکے کے باعث کچھ دیر سوگ کی فضا بھی محسوس کی گئی، تاہم شہریوں نے احتیاط کے ساتھ جشن جاری رکھا۔

بسنت کے دوسرے روز ڈھول ڈھمکے نسبتاً کم رہے، تاہم رات بھر لاہور کا آسمان پتنگوں سے سجا رہا، آج بھی موسم سازگار ہے اور شہری بھرپور انداز میں پتنگ بازی میں حصہ لے رہے ہیں۔

بسنت کے موقع پر دیگر شہروں سے آنے والے افراد کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مہمانوں کی بڑی تعداد بھی لاہور پہنچی ہے، جو لاہوریوں کے ساتھ مل کر اس ثقافتی تہوار کا لطف اٹھا رہی ہے۔

سیاسی رہنماؤں نے بھی بسنت کی تقریبات میں شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے اندرون لاہور جبکہ حمزہ شہباز نے اندرون لوہاری گیٹ کے علاقے میں بسنت منائی۔

اس کے علاوہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری نے بھی پتنگ اڑائی جبکہ فواد چوہدری نے لاہور میں پتنگ بازی کرتے ہوئے بسنت کو حکومت کی جانب سے ایک اچھی کوشش قرار دیا۔

بسنت میلے میں خواتین کی شرکت بھی نمایاں رہی، کئی خواتین نے خود پتنگیں اڑائیں جبکہ دیگر نے ہاتھوں پر مہندی سجائی، رنگین لباس زیب تن کیے اور گھروں میں خصوصی پکوان تیار کیے، بسنت کے جشن کے ساتھ روایتی کھانوں اور مٹھائیوں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا، جس نے تہوار کی رونق میں مزید اضافہ کردیا۔

متعلقہ خبریں