بسنت کے رنگ ایک بار پھر لاہور کے گلی کوچوں میں بکھر گئے، جہاں لاہوریوں کے ساتھ غیر ملکی سفیر اور شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے بھی جشنِ بسنت میں شریک ہو گئے۔
دہلی گیٹ لاہور میں بسنت کی تقریبات عروج پر رہیں اور شہر بھر میں رنگ برنگی پتنگوں، ڈھول کی تھاپ اور روایتی کھانوں کی خوشبو نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا۔
تقریبات میں امریکا کی قائم قام سفیر نیٹلی بیکر بھی بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچیں، جہاں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر صہیب بھرت بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تقریب میں امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری جان مارک، قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز، صدف سعد، پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفراز نے بھی شرکت کی جبکہ نیٹلی بیکر بسنت کے رنگوں سے ہم آہنگ پیلے رنگ کی شرٹ زیب تن کر کے تقریب میں شریک ہوئیں۔
امریکی قائمقام سفیر نے بسنت کی اجازت دینے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور کی ثقافت اور یہاں کے تہوار دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہیں۔

تقریب کے دوران نیٹلی بیکر کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔
دوسری جانب شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و اداکارائیں بھی کراچی اور بیرون ملک سے لاہور پہنچے اور بسنت کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی۔
اداکار یاسر حسین، میکال ذوالفقار، عدیل اور محب مرزا نے جشن میں رنگ بھر دیا جبکہ اداکارہ جگن کاظم، علی زرغون، فریال خان، اداکارہ گوہر اور اداکارہ آمنہ بھی شریک ہوئیں۔

شوبز ستاروں نے بسنت کی بحالی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لاہور اور بسنت ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں۔
اداکار میکال ذوالفقار نے کہا کہ لاہور دوبارہ اپنے خوبصورت رنگوں کے ساتھ جاگ چکا ہے، ہم بہت خوش ہیں کہ بسنت واپس آگئی ہے۔
اداکار عدیل نے وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں مریم نواز کا فین ہوگیا ہوں، بسنت دوبارہ شروع کرنے کا پورا کریڈٹ سی ایم مریم نواز کو جاتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بسنت کے موقع پر 350 ملین روپے کا ریونیو بھی اکٹھا ہوا ہے۔
اداکار یاسر حسین نے کہا کہ بسنت کے اس خوبصورت پروگرام کے انعقاد پر عظمیٰ بخاری کے بھی شکر گزار ہیں، لاہور واقعی زندہ دلوں کا شہر ہے اور یہ بات آج میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لی ہے۔

اداکار محب مرزا نے لاہور کے ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں لاہور کی جن سڑکوں سے گزرا ہوں وہاں ہر طرف بسنت کے رنگ اور رونقیں نظر آئیں۔


















