متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیجانب سے 2 ارب ڈالر دو ماہ کےلیے رول اوور کر دیا گیا، اس سے قبل بھی دو ارب ڈالر صرف ایک ماہ کے لیے رول اوور کیےگئے تھے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق دو ارب ڈالر کے لیے ایک ماہ کی معیاد سولہ فروری اور بائیس فروری کو مکمل ہو جائے گی، جبکہ اب دو ارب ڈالر کو اپریل 16 اور اپریل 22 تک کے لیے رول اوور کیا گیا ہے۔
حکومت نے یو اے ای سے قرض دو سال کے لیے رول اوور کرنے کی درخواست کر رکھی ہے جبکہ پہلی درخواست کے بعد دوبارہ 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے کی استدعا کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت آئی ایم ایف اقتصادی جائزے سے قبل رول اوور پراسس مکمل کرنا چاہتی ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہیں، جبکہ اقتصادی جائزے کے بعد یو اے ای سے رول اوور مدت بڑھانے کے لیے دوبارہ بات چیت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ میچور ہونے والے 2 ارب ڈالر کی مدت کو ایک ماہ کے لیے بڑھایا گیا تھا، یو اے ای کے مزید 1 ارب ڈالر قرض کی میچورٹی جولائی میں ہے۔















