Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی والے وکٹم کارڈ کھیل رہے ہیں، بانی کی صحت پہلے سے بہتر ہے، طلال چوہدری

بانی پی ٹی آئی کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور اس حوالے سے منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ الحمدللہ بانی کی صحت پہلے سے بہتر ہے، پی ٹی آئی والے وکٹم کارڈ کھیل رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور اس حوالے سے منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طبی رپورٹس آچکی ہیں اور بانی روبہ صحت ہیں تاہم انہیں اسپتال منتقل کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ معالجین کریں گے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت ہے اور متعلقہ رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جائیں گی۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت سیاسی فائدے کے لیے ’’وکٹم کارڈ‘‘ کھیل رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے دوران اپوزیشن رہنماؤں کو پراٹھے بھیجے گئے اور ان کی خاطر تواضع کی گئی جس کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں۔ ان کے بقول یہ ’’ایئر کنڈیشن احتجاج‘‘ تھا جہاں ٹھنڈے کمروں اور آرام دہ صوفوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا گیا۔

وزیر مملکت نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر یہی ان کا انقلاب ہے تو حکومت مزید پراٹھے بھیجنے کو بھی تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو اپوزیشن احتجاج میں پراٹھے کھانے کا سچ نہیں بول سکتی، وہ اپنے بانی کی صحت کے معاملے پر کیسے سچ بولے گی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق حقائق کچھ لوگوں کو ناگوار گزریں گے کیونکہ اس سے ان کی سیاست متاثر ہوتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کی طبی صورتحال اطمینان بخش ہے۔