وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید چوہدری نے پاکستان میری ٹائم انرجی سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا۔
انھوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت تیل، ایل این جی اور ایل پی جی ذخیرہ کرنے کی جدید سہولیات قائم کی جائیں گی، جس کا مقصد پاکستان کو علاقائی انرجی لاجسٹکس حب بنانا ہے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے ٹرانس شپمنٹ میں اپنی صلاحیت ثابت کی ہے، اور اب انرجی سٹی میں عالمی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ملک کو توانائی تجارت کے ایک اہم مرکز میں تبدیل کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا بڑا فیصلہ، قومی اسمبلی کے اجلاس اب دن میں سولر انرجی پر ہوں گے
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے میں پہلے ملکی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی، تاہم عالمی توانائی تقاضوں کو بھی پورا کرنے کے لیے جدید انفرااسٹرکچر تیار کیا جائے گا۔ مزید برآں بڑی بندرگاہوں کی معاونت کے لیے چھوٹے انرجی یونٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔
جنید انوار چوہدری کے مطابق منصوبے پر صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، جبکہ ساحلی پٹی پر 3 سے 4 نئی بندرگاہوں کی فیزیبلٹی رپورٹ آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ سو سالہ میری ٹائم وژن کا حصہ ہے، جس کے تحت بحری شعبے میں طویل المدتی منصوبہ بندی جاری ہے اور پاکستان کو عالمی سمندری معیشت میں نمایاں مقام دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



















