بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اورپولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا گزشتہ روز ہونے والے آپریشن کے دوران 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کردیئے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج ، پولیس سمیت دیگر سکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں خوف ودہشت پھیلانے والا خوارجی سرغنہ زمری نوراورافغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید کو آپریشن کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا انتہائی کٹھن آپریشن میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے خوارج کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا آپریشن کے دوران پولیس کے دو اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا آپریشن میں شہید کانسٹیبل وحید اللہ خان اورنوراللہ خان کی نمازِجنازہ پولیس لائنزبنوں میں سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئی نمازِجنازہ میں اعلیٰ سول وعسکری حکام، علاقہ عمائدین اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بدستور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔


















