Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں استحکام، معاشی و اسٹریٹجک تعاون کے نئے دور کا آغاز

وزیراعظم اور برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان اہم ملاقات

پاکستان سفارتی، اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عالمی سطح پر فعال روابط کو فروغ دے رہا ہے۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جوناتھن پاول کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 برطانیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس دوران برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات مضبوط ہیں اور برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے، برطانیہ کی 200 سے زائد کمپنیاں پاکستان میں فعال ہیں جبکہ مجموعی سرمایہ کاری 910 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔

 انکا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کی تیسری بڑی برآمدی منڈی ہے جب کہ برطانوی کمپنیوں کی موجودگی پاکستانی معیشت پر اعتماد کی عکاس ہے۔

جین میریٹ نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت گزشتہ سال 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے تاہم برطانوی کمپنیاں پاکستان میں روزگار، ٹیکنالوجی منتقلی، ٹیکس ریونیو اور برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان یہ مضبوط اشتراک پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کی بنیاد مزید مستحکم کر رہا ہے۔

متعلقہ خبریں