Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 11 خوارج دہشت گرد ہلاک

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد مارے گئے۔

فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ خبریں