Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہباز شریف چینی صوبے ژی جیانگ سے بیجنگ پہنچ گئے، چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں متوقع

بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رون چیو نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا

وزیراعظم شہباز شریف ژی جیانگ صوبے کے شہر ہانگژو میں مصروف سرکاری سرگرمیاں مکمل کرنے کے بعد چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے، جہاں وہ اعلیٰ چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر ماحولیات ہوانگ رون چیو نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

ہانگژو میں قیام کے دوران وزیراعظم نے تیسرے پاک-چین بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔ کانفرنس میں چارجنگ انفراسٹرکچر، بیٹری انرجی اسٹوریج، سولر ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل سیکٹر میں تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم نے ژی جیانگ کی صوبائی قیادت اور مختلف معروف چینی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں اسٹار چارج، سی اے ٹی ایل اور ژی ژینگ فارماسیوٹیکل شامل ہیں۔ ملاقاتوں میں صنعتی تعاون، مشترکہ منصوبوں اور نئی سرمایہ کاری کے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورہ ہانگژو کے دوران وزیراعظم نے علی بابا کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جو سائی  نے ان کا استقبال کیا۔

بیجنگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے، جبکہ سی پیک فیز ٹو کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کو 75 برس مکمل ہو رہے ہیں، جسے دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں