اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ پیش کیے جانے سے قبل قومی اسمبلی کے چار ارکان کو مختلف وزارتوں اور اداروں میں پارلیمانی سیکرٹریز مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ پارلیمانی امور نے تقرریوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد نعمان کو پارلیمانی سیکریٹری برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دانیال احمد کو پارلیمانی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح شائستہ خان کو پارلیمانی سیکریٹری برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور اختر بی بی کو پارلیمانی سیکریٹری برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ پارلیمانی امور نے تقرریوں کے نوٹیفکیشن کی نقول ایوانِ صدر، وزیراعظم آفس، سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی ارسال کر دی ہیں۔
















