Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا، صدر و وزیراعظم

‘سیکیورٹی فورسز نے فتنتہ الہندوستان کے جارہانہ عزائم کو خاک میں ملادیا’

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر آصف زرداری نے کراچی میں رینجرز سندھ کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

انکا مزید کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کر کے سیکیورٹی فورسز نے فتنتہ الہندوستان کے جارہانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو اللہ صبر عطا فرمائے، ان کے صدمے میں برابر کے شریک ہیں، اس آپریشن کے دوران زخمیوں کو جلد از جلد صحتیاب کرے۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں