خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر مشترکہ آپریشنز کیے جن میں بھارتی اسپانسرڈ 24 خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع بنوں میں حالیہ دنوں پولیس کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کے تناظر میں فورسز کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بنوں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران متعدد مقامات پر کامیاب کارروائیاں میں 24 بھارتی اسپانسرڈ 24 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آپریشنز جاری رہیں گے، گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیوں کے تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم کو پوری قوت اور رفتار سے جاری رکھیں گے، ہم بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

















