نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات، سی پیک 2.0 اور علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاک چین تعلقات کے وسیع تر پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی شراکت داری کی مسلسل مضبوطی اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عملی تعاون اور باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے، مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
















