Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چہلم حضرت امام حسینؓ، وزیر داخلہ سندھ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ

جلوسوں کی سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے، صوبائی وزیر

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کا دورہ کیا جہاں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور دیگر سینئر پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر داخلہ سندھ نے سی پی او میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی پھول رکھے اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں ضیاء الحسن لنجار نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی و دیگر جلوسوں کی سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ سندھ کو جلوسوں کے روٹس مجالس، حساس مقامات اور سیکیورٹی پلان سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے چہلم کے مرکزی جلوس سمیت دیگر جلوسوں کی براہِ راست نگرانی بھی کی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی تمام جلوسوں کے روٹس، مجالس اور حساس مقامات پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کی سیکیورٹی اور مانیٹرنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے مسلسل نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔

ضیاء الحسن لنجار نے پولیس افسران و اہلکاروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عزاداروں کو محفوظ اور پُرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈی نیشن کے ساتھ سیکیورٹی فرائض انجام دیں اور چہلم کے مرکزی جلوس سمیت تمام اہم مقامات پر انتظامات کی کڑی نگرانی کی جائے۔

متعلقہ خبریں