Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بیت المقدس کی صورتحال پر عرب و اسلامی ممالک کے اہم اجلاس میں اسحاق ڈار شرکت کریں گے

پاکستان ایک بار پھر فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، دفتر خارجہ

پاکستان نے مقبوضہ بیت المقدس کی بگڑتی صورتحال پر سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہوں گے جہاں وہ یروشلم کی صورتحال پر ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کل عمان میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شریک ہوں گے، جس میں پاکستان سمیت عرب لیگ اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں مقبوضہ یروشلم کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر مشترکہ حکمت عملی اور عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ مؤقف پر غور کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ شریک وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں فلسطین اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایک بار پھر فلسطینی عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کو مسئلے کا پائیدار حل سمجھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کے مؤقف پر قائم ہے۔

متعلقہ خبریں