فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے لیے قومی تیاریوں اور مربوط امدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی رسپانس میکانزم اور “ڈیزاسٹر لینز 2026” کے حوالے سے آگاہ کیا۔
فیلڈ مارشل کو ڈیزاسٹر لینز 2026 کے ذریعے مون سون صورتحال، ممکنہ خطرات کی نگرانی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم جدید نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے این ڈی ایم اے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل تیاری، اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ اور بروقت ردعمل ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی جانوں اور اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج امدادی، ریسکیو اور بحالی کی کارروائیوں میں سول انتظامیہ اور این ڈی ایم اے کی معاونت کے لیے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے مون سون کے دوران شہریوں کے تحفظ اور قدرتی آفات سے مؤثر مقابلے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط تعاون پر زور دیا۔














