کورکمانڈر پشاور نے سینٹرل پولیس آفس پشاور کا اہم دورہ کیا جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
سینٹرل پولیس آفس آمد پر کورکمانڈر پشاور کا آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔
کورکمانڈر پشاور نے پولیس شہداء کی یادگار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے کورکمانڈر کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشتگردی اقدامات اور ریاستی رٹ کے نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران کورکمانڈر پشاور اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا نے دہشتگردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
بعد ازاں کورکمانڈر پشاور نے پولیس جوانوں سے ملاقات کی ان کی حوصلہ افزائی کی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔














